• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، افغانستان کے بعد عرب امارات بھی پسپا، جونیئر ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستانی فتوحات کی ہیٹ ٹرک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی جونیئرکرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں فتوحات کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے ۔ افغانستان اور بھارت کو پسپا کرنے کے بعد پاکستان نے میزبان متحدہ عرب امارات کو بھی شکست دے دی۔ پاکستانی لٹل اسٹارز نےمسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے پیر کو متحدہ عرب امارات کو 21 رنز سے شکست دے کر اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ کپتان قاسم اکرم کو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے اور تین وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے میچ میں امارات 220 رنز کے تعاقب میں مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز ہی بناسکی۔ میزبان ٹیم کے آیان افضل اور کائے اسمتھ38، 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔ قاسم اکرم نے 52 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ معاذ صداقت، محمد ذیشان اور مہران ممتاز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قاسم اکرم کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ کپتان نے پانچ چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسیب اللہ خان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بھارت انڈر 19 کے خلاف میچ کی آخری گیند پر چوکا لگانے والے احمد خان نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔آیان افضل خان نے 3 جبکہ نیلانش کیسوانی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین