پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت گیس بحران اور مہنگائی کے بعد غذائی قلت کا تحفہ بھی دینے جا رہی ہے۔
ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کھاد کے سنگین بحران سے ملک کو غذائی قلت کا سامنا ہے، کسان چھوٹا ہو یا بڑا سب کی کمر میں خنجر گھونپ دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوریا کھاد کی بوری 2500 جبکہ ڈی اے پی 10ہزار روپے میں بھی نہیں مل رہی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں گندم کی بوائی 90 فیصد سے زائد مکمل ہو چکی ہے، کیا حکومت چاہتی ہے کہ آٹے کی قیمت 100 روپے کلو سے بھی تجاوز کر جائے؟
حمزہ شہباز نے کہا کہ کھاد مافیا کو کھلی چھٹی دینے والی حکومت مجرمانہ طرز عمل کی مرتکب ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ کسانوں کو لوٹنے والا مافیا حکمرانوں کے دائیں اور بائیں بیٹھا ہوا ہے، حکومت کا کسان پیکج بھی ایک اور جھوٹا وعدہ اور سبز باغ نکلا۔