• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیر بھٹو کے 14ویں یوم شہادت پر آن لائن عالمی مشاعرہ

پروگریسو تھاٹس انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کے 14ویں یوم شہادت کے موقع پر "دخترِ مشرق" کے عنوان سے ایک آن لائن عالمی مشاعرہ منعقد کیا گیا۔

مشاعر ے میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف شعرا نے شرکت کی۔

مشاعرے کی میزبانی بزمِ ناز انٹر نیشنل کے چیئر مین سیف اللّٰہ سیفی نے کی اور ان کی معاونت آواز اردو لندن کے بانی، براڈ کاسٹر و رائٹر یوسف ابراہم نے کی جبکہ صدارت ممتاز شاعرہ محترمہ شاہدہ حسن نے کی۔

مہمانانِ خصوصی نام ور شاعر ناصرؔ کاظمی مرحوم کے صاحب زادے باصر کاظمی اور محترمہ تنویر انجم تھے۔ مہمانِ اعزازی ریحانہ روحی کے علاوہ دیگر معتبر شعرا میں بھارت سے ترقی پسند شاعر ریاض رحیم، پی پی پی کلچرل ونگ پنجاب کے صدر ڈاکٹر خالد جاوید جان (لاہور)، برلن جرمنی سے ڈاکٹر عشرت معین سیما اور ڈاکٹر حنا امبرین طارق شامل تھے۔

مشاعرے میں شہید بے نظیر بھٹو کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شعراء نے خراجِ عقیدت پیش کرنے سے قبل شہید بے نظیر بھٹو کی شخصیت کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مشاعرے کے آغاز میں یوسف ابراہم نے معروف شاعرہ اور ماہر تعلیم محترمہ رحمت النساء ناز کی مشہور نظم’’شہید کی بیٹی‘‘ پیش کرکے شرکا سے داد وصول کی۔

مشاعرےکو پی پی پی وائس آف بھٹوز، جے بی آئی وی ایل، پی پی پی گلف/مڈل ایسٹ، پی پی پی ہالینڈ، انقلابی آواز فورم اور آوازِ اُردُو لندن کا تعاون حاصل تھا۔

اس موقع پر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معروف ترقی پسند شاعر سید فارغ بخاری کے صاحب زادے، پی پی پی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور پی پی پی وائس آف بھٹوز کے بانی سید طاہر عباس بخاری نے اپنے والد کی مشہورِ زمانہ نظم’قاتلو جواب دو۔ خون کا حساب دو ' سنا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

تازہ ترین