کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پی ایس ایل ٹی وی کے براڈکاسٹ میڈیا رائٹس برائے 2022-2023ء کی بولی کے شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کی وضاحت پیش کی ہے۔ منگل کی شب جاری میڈیا ریلیز کے مطابق پی ایس ایل ٹی وی کے براڈ کاسٹ رائٹس 2022-2023ء کے فروخت کیلئے یکم دسمبر 2021ء کو دو معروف اخبارات میں ٹینڈر دیا گیا ۔ اس اشتہار میں ٹینڈر جمع کروانے کی آخری تاریخ 23؍ دسمبر درج تھی۔ جہاں دہندگان کو دو سال (2022ء اور 2023ء ) کی مدت کیلئے اپنی مجموعی پیشکش جمع کروانا ضروری تھا۔اس سلسلے میں انٹرنیشنل میڈیا کارپوریشن پرائیوٹ لمیٹڈ (جیو انٹرٹینمنٹ کی بنیادی کمپنی)اور اے آر وائے کیمونیکشنز پرائیوٹ لمیٹڈ (اے آر وائے) اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹڈ (پی ٹی وی سی) نے بڈز جمع کروائیں۔ پی سی بی بڈ کمیٹی نے اے آر وائے/پی ٹی وی سی کو حقوق دینے کی سفارش کی۔پی ایس ایل ٹی وی کے براڈکاسٹ رائٹس برائے 2022-2023ء کے فروخت کیلئے بڈ ایولویشن رپورٹ پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔بڈ دستاویز میں مقررہ طریقہ کار پر ہر موقع پر مکمل عمل کیا گیا۔بولی کے بعد کے خدشات اور اعتراضات اٹھانے کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم، پی سی بی کی کمیٹی برائے شکایات کا ازالہ کی صورت میں موجود ہے۔