• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال 2022 میں مختلف نظر آؤں گا، ٹیسٹ اوپنر عمران بٹ کا عزم

عمران بٹ
عمران بٹ

ٹیسٹ اوپنر عمران بٹ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنائی، انہوں نے 26 جنوری 2021 ء کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا۔

عمران بٹ نے اپنی سلپ فیلڈنگ سے خوب متاثر کیا لیکن غیر معمولی پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے اسی برس ٹیم سے اپنی جگہ کھو بیٹھے۔

انہوں نے 6 ٹیسٹ میچز کی 10 اننگز میں 178 رنز اسکور کیے،  ان کا بہترین اسکور 91 رنز رہا ۔

انہوں نے اگست میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلا، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے وہ ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔

 عمران بٹ کا کہنا ہے کہ میں 2022ء میں مختلف نظر آؤں گا، مجھے ٹیم میں کم بیک کرنا ہے، 2021 ء میں اچھا کرنے کی کوشش کی لیکن میں جگہ برقرار نہ رکھ سکا، اب پھر مجھے اپنی جگہ ٹیم میں بنانی ہے، میں پروفیشنل کرکٹر ہوں اور مجھے کھیل کو مزید بہتر بنانا ہے اس کے لیے میں اپنی بنیادی چیزوں کو فوکس کر رہا ہوں ۔

عمران بٹ نے کہا کہ میں نئے سال میں ضرور اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے میں کامیاب ہو جاؤں گا اور تسلسل کے ساتھ پرفارم کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ہد ف ہے کہ 2022ء میں پاکستان میں جو سیریز ہونے جا رہی ہیں ، ان کا حصہ بنوں ۔ پاکستان میں بڑی اہم سیریز ہوں گی جوکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہے۔

تازہ ترین