پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں سال 2021 کا اختتام ہوگیا اور 2022 نے انٹری دے دی۔
کراچی میں نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور نئے سال کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر نوجوانوں نے رقص کیا جس کے بعد چورنگی پر ٹریفک جام ہوگیا۔
سی ویو کراچی پر نئے سال کی آمد کے موقع پر نوجوان بڑی تعداد میں پہنچے، جہاں کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی ) کی جانب سے آتش بازی کی گئی۔
نئے سال کو منانے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد مری مال روڈ پہنچ گئی، رش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ادھر راولپنڈی میں سال نو کی خوشی میں نوجوانوں میں جوش و خروش پایا گیا جبکہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سال نو کے آغاز پر ہوائی فائرنگ کی گئی۔
دوسری جانب کراچی میں سال نو پر مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ہانگ کانگ کا وکٹوریا ہاربر روشنیوں سے جگمگا اٹھا، تائیوان میں بھی نیا سال شروع ہوتے ہی دارالحکومت تائپےکی سب سے بلند عمارت سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
شمالی کوریا میں دریائے ٹائے ڈونگ کے قریب شاندار آتش بازی کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں نئے سال کا آغاز ہوتے ہی آکلینڈ میں واقع ہاربر برج جگمگا اٹھا۔
شہر میں ہاربر برج اور بلند عمارتوں کو رنگ برنگی لائٹوں اور قمقموں سے آراستہ کیا گیا تھا، جو رات 12 بجتے ہی چمکنے لگیں۔
آکلینڈ ہاربر برج پر کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے روایتی آتش بازی منسوخ کر دی گئی۔
نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں بھی سال نو کے موقع پر سڈنی ہاربر پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔