پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیر اعظم نہیں ہوسکتا اور قانون کے تحت ’چور‘ اور ’جھوٹا‘ ثابت ہوجانے والے عمران نیازی استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس میں کسی مغربی ملک میں رپورٹ آتی تو وزیراعظم استعفیٰ دے چکا ہوتا۔
ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حقائق چھپانے اور جھوٹ بولنے والا آئینی، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا، اگر نوازشریف پر قانون لاگو ہوسکتا ہے تو عمران نیازی پر کیوں نہیں؟
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پاناما کی جے آئی ٹی بن سکتی ہے، سپریم کورٹ کے فاضل جج نگران ہوسکتے ہیں تو عمران نیازی کے لئے ایسا کیوں نہیں ہوسکتا۔ عمران نیازی کے خلاف بھی روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت کوئی وزیراعظم نہیں، ملک آئینی وقانونی خلا میں چل رہا ہے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد جو بھی حکومتی فیصلے ہوں گے، وہ آئینی اور قانونی نہیں ہوں گے۔