• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی نوید اقبال کی آخری گفتگو سامنے آگئی


سانحہ مری میں گاڑی میں اپنی فیملی کے ساتھ جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی نوید اقبال کی اپنے کزن طیب گوندل سے گزشتہ رات ہونے والی گفتگو سامنے آگئی۔

مرحوم  اے ایس آئی نوید اقبال نے اپنی آخری گفتگو میں کہا کہ 20 گھنٹے سے ہم پھنسے ہوئے ہیں، کوئی کرین بھجوادیں، ہمیں مزید کتنا انتظار کرنا پڑے گا۔

اے ایس آئی نوید اقبال کا کہنا تھا کہ سب نکلنے کا انتظار کررہے ہیں، مزہ تو تب ہے جب ہم صبح تک نکل جائیں، کرین آجائے کام تو شروع کردے۔

 نوید اقبال کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کرے کوئی سسٹم بن جائے اور ہم یہاں سے نکل جائیں۔


واضح رہے کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے 22 افراد  میں اے ایس آئی نوید اقبال بھی شامل ہیں۔

اے ایس آئی نوید اقبال اپنی تین بیٹیوں، ایک بیٹے، ایک بہن، بھانجی اور بھتیجے کے ہمراہ اس ناخوشگوار سانحے کا شکار ہوئے۔

اے ایس آئی نوید کا تعلق تحصیل تلہ گنگ کےعلاقے دودیال سے تھا، اے ایس آئی نوید اقبال تھانہ کوہسار میں تعینات تھے۔

مری میں جاں بحق اے ایس آئی نوید کے ماموں امداد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری میں اے ایس آئی نوید ،ان کی 3بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اےایس آئی نوید کی بہن، بھانجی اور بھتیجا بھی جاں بحق ہوئے۔

اےایس آئی نوید کی بیوہ اور ایک بیٹا اسلام آباد میں اپنے گھر پر ہیں۔

قومی خبریں سے مزید