پاکستان میں شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، ملک بھر میں عیدالفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کسی مقام سے شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت نہیں ملی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں چاند 271.36 کے اینگل پر نظر آنے کا امکان تھا۔ 6 بج کر 22 منٹ پر سورج غروب ہوا، چاند نظر آنے کا وقت 6 بجکر 51 منٹ تھا۔
ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند نظر آنے کے لیے عمر کم از کم 19 گھنٹے 20 منٹ ہونا ضروری ہوتا ہے، آج اسلام آباد میں چاند کی عمر 12 گھنٹے 23 منٹ تھی۔
ماہر موسمیات نے یہ بھی کہا کہ آج ملک میں چاند نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
بھارت میں بھی شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے شہر لکھنو اور حیدرآباد میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
لکھنو اور حیدرآباد میں مسلم علما کونسل کی جاب سے عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔
سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مملکت میں عیدالفطر جمعہ 20 مارچ کو ہوگی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا، امارات میں بھی آج آخری روزہ اور جمعہ کو عید ہوگی۔