مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تباہی کی ذمے دار پی ٹی آئی کی نا اہلی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران نیازی ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا رہے ہیں، حکومت کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تقریریں اور اپوزیشن پر کیچڑ اچھالنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، یہ کہتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، میں کہتا ہوں کہ معیشت نہیں عمران خان خوش حالی کے راستے پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا، پوری دنیا کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، ہمیں کورونا کے ساتھ 2018ء کے وائرس کا بھی سامنا ہے۔
نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں افراطِ زرسنگل ہندسے میں ہے اور ہمارے یہاں ڈبل ہندسے میں ہے، ہماری معیشت کو عمران خان کی نا اہلی کا وائرس بھی لاحق ہے۔