• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے بندش سے خیبر پختونخوا میں اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی سے خیبر پختونخوا کے پریشان عوام کے لیے اب ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی۔ موٹر وے اور جی ٹی روڈ کی بندش سے اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ 

پنجاب سے روزانہ کی بنیاد پر آنے والے دودھ، مرغی اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ سے مارکیٹ میں اسٹاک کم ہونے اور قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

اشیاء خورونوش کے حوالے سے خیبر پختونخوا کا زیادہ تر انحصار پنجاب پر ہے جن میں چینی، دالیں، مرغی، دودھ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی شاہراہوں کی بندش سے اشیاء ضروریہ کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ مرغی اور دودھ جیسی اشیاء کی سپلائی روزانہ کی بنیاد پر ہوتی ہے، جنہیں زیادہ دنوں تک ذخیرہ نہیں کیا جاسکتا۔ راستوں کی بندش سے مارکیٹ میں رسد اور طلب میں فرق بڑھنے کی صورت میں قیمتوں پر بھی دباؤ پڑے گا۔

آٹے اور گندم کے حوالے سے خیبر پختونخوا کا 80 فیصد انحصار پنجاب پر ہے اور اس کی ترسیل پہلے سے متاثر ہے جبکہ شاہراہوں کی بندش سے آٹے اور گندم کی قلت اور قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اشیاء خورونوش کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی تھیں۔ اب سڑکوں کی بندش سے سپلائی متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں مزید اضافے اور روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی قلت کا خدشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید