مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر بنانے جارہی ہے، یہ ایسے قانون بنا رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک، پارلیمنٹ حکومت کو نہیں عالمی اداروں کو جوابدہ ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی مالیاتی خودمختاری کا سودا کر رہے ہیں، سالوں میں آپ کی کونسی کارکردگی ہے؟
احسن اقبال نے کہا کہ چور اور ڈاکو کے الفاظ سن کر لوگوں کےکان پک گئے ہیں، عمران خان مان جائیں آپ کے پاس ٹیم نہیں،مان جائیں آپ نےعوام سے جھوٹ بولا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام ملکی معیشت کو بدحالی سے نکلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں،آپ صرف ماضی پرتنقید کرسکتے ہیں،آج آپ نےثابت کیا 22 سال میں اپنی جماعت اور کارکنوں کی گالیاں دینے کی تربیت کی تھی، آپ ایک سوشل میڈیا کی جماعت ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران احمد نیازی صاحب 2013ء اور 2018ء تک میں وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تھا،میں چیلنج کرتا ہوں آپ کسی بھی فورم پر آکر بیٹھیں،3سالوں میں آپ کسی ایک منصوبےمیں کوئی ایک چوری ثابت نہیں کرسکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بتائیں پاکستان میں کس حکومت نے5سالوں میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی،کونسی حکومت نے5سالوں میں 29 ارب ڈالرکی بیرونی سرمایہ کاری سی پیک کے ذریعے ممکن بنائی تھی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان ہم نے چوری کی ہے تو ثابت کریں،عمران خان صاحب مان جائیں آپ کی تیاری اور ویژن نہیں تھا، خان صاحب استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب یونیورسٹی آف مالاکنڈ مسلم لیگ نون کا منصوبہ ہے جس کا آپ نےافتتاح کیا ہے۔