وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے پر پیپلز پارٹی سے ساتھ دینے کا وعدہ مانگ لیا۔
سینیٹ میں اجلاس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان اور بہاولپور میں جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی لیٹ نہیں ہوتا، اگر نیت درست اور آپ واقعی چاہتے ہیں کہ صوبہ بنے تو پیپلز پارٹی ساتھ دینے کا وعدہ کرے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بحث دارالحکومت یا سیکریٹریٹ کی نہیں ہورہی ہے، بات آگے لے کر چلتے ہیں اوروں سے بات اور اتفاق رائے کی کوشش کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو انتظامی طور پر ممکن تھا وہ اقدامات ہم نے کیے ہیں تاکہ ایک سمت دے دیں آئینی ترمیم اور قرارداد درکار ہے، اس کے لیے ہم سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے پر ہم ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں، اس پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب حقیقت اختیار نہیں کرسکا کیونکہ قانونی رکاوٹیں سامنے آتی ہیں، آئیے مل کر راستہ تلاش کرتے ہیں، تیسری بڑی جماعت مسلم لیگ ن سے بھی بات کرتے ہیں۔