• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے اکبر ایس بابر کو فارغ کر دیا، فرخ حبیب


وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے اکبر ایس بابر کو فارغ کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ نے اپنے اکاونٹس چھپائے، نون لیگ نے الیکشن کمیشن میں 9 اکاؤنٹس چھپائے،جبکہ پیپلزپارٹی نے 2015 میں الیکشن کمیشن سے 15 اکاؤنٹس چھپائے۔

فرخ حبیب کاکہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کو اسکروٹنی کمیٹی نے فارغ کردیاہے، اکبر ایس بابر کہتے ہیں کہ اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ آئی ہے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ آئی، پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے اپنے اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم کیا۔

وزیر مملکت کاکہنا تھا کہ ان لوگوں کو معافی مانگنا چاہئے جو ہم پر فارن فنڈنگ کا الزام لگاتے رہے ہیں، ہم نے الیکشن کمیشن کو مکمل ریکارڈ فراہم کیا، ہماری فتح ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی تو اپنے اکاؤنٹس سامنے لے آئی، پیپلزپارٹی اور نون لیگ بھی اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات بتائے،ان دونوں جماعتوں کو حساب دینا پڑے گا، بلاول کو بھی 35کروڑ کا حساب دینا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بھی 11 اکاؤنٹس چھپا رکھے ہیں، الیکشن کمیشن سے کہتاہوں جلد اسکروٹنی کمیٹی کو بحال کیا جائے،پیپلزپارٹی اور نون لیگ کے اکاؤنٹس کی بھی جانچ کی جائے، نون لیگ بتائے بھون داس کون ہے جس نے فنڈنگ کی ۔

فرخ حبیب نے کہاکہ الیکشن کمیشن سے استدعا کرتاہوں کہ دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی جانچ کی جائے، تاہم اسکروٹنی کمیٹی کا ایک ممبر ریٹائرڈ ہوگیا ہے۔

وزیرمملکت کاکہنا تھا کہ اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ پر یہ سب کررہے ہیں،اکبر ایس بابر نے چائے کی پیالی میں طوفان بربا کررکھا ہے،اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوا پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔

فرخ حبیب نے کہاکہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے فنڈنگ کی،اوورسیز پاکستانیوں کو متنازع بنانے کی کوششیں کی گئیں،مولانا فضل الرحمٰن باہر سے فنڈنگ کس چکر میں لیتے رہے،ہم نے حساب دیا ہے، اس کا ریکارڈ موجود ہے،مسلم لیگ نون کے پیسوں کا پوچھیں تو انہیں پتا ہی نہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں وزیرمملکت فرخ حبیب نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروادیں، گزشتہ روزفرخ حبیب کےمالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پرقومی اسمبلی سے رکنیت معطل کردی گئی تھی، اب الیکشن کمیشن فرح حبیب کے اثاثہ جات کی تفصیلات کاجائزہ لیکر ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید