• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ انکا انجام قریب ہے، مریم نواز


مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آیا وفاقی وزیرداخلہ کو ہاتھ سر پر ہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ انکا انجام قریب ہے، سب سے پہلے اس نااہل حکومت سے جان چھڑائی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بدترین حالات کے باوجود نوازشریف کا ایک ایم پی اے بھی نہیں ٹوٹا، پاکستان اب یہ حکومت ایک دن کیلئے بھی برداشت نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ اس حکومت کی نالائقی کے انبار لگے ہیں، نوازشریف جلد واپس آئیں گے، وقت کا تعین نون لیگ کرے گی۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ عمران خان کے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے ہونے کے باوجود بھی ان کے ممبران ان کی عزت نہیں کرتے،یہ جو شوشے چھوڑے جارہے ہیں وہ قوم بھی جانتی ہے، جو اِن کے حالات دیکھ رہی ہوں یہ مہینوں اور ہفتوں نہیں، چند دنوں کی بات لگ رہی ہے۔

نون لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جب بھی اس حکومت کے دور میں کوئی سانحہ ہوا ذمہ دارعوام کو ٹھہرایا گیا،حکومت گرانے کی جتنی جلدی پی ڈی ایم کو ہےاس سے زیادہ جلدی خود حکومت کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کا طریقہ کاربھی سب کے سامنے آجائے گا،عمران خان کو اپنے ورلڈکپ میں چلو بھر پانی بھر لینا چاہیے۔

اس سے قبل نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے اپنے وکیل سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں۔

سماعت کے آغاز پر وکیل مریم نواز نے عدالت کو بتایا میں نے ابھی جواب نہیں دیکھا،ا س پر عدالت نے کہاکہ آپ نیب کا جواب دیکھ لیں،اس کے بعد دلائل دیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ کی درخواست سے لمبا نیب کا تحریری جواب ہے،وکیل اعظم نذیرتارڑ نے کہاکہ یہ نیب کا ہمیشہ سے خاصہ رہا ہے، مونچھوں سے داڑھی بڑھ جاتی ہے۔

اس موقع پر ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی اپیلوں پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی گئی۔


قومی خبریں سے مزید