سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو چیلنج دے دیا۔
شاہد خاقان عباسی نے فواد چوہدری کو 4 لیگی رہنماؤں پر ن لیگی قائد نواز شریف کے خلاف بغاوت کے الزام لگانے پر چیلنج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اُن 4 لیگی رہنماؤں کے نام سامنے لائیں، چیلنج دیتا ہوں کہ وہ بتائیں کس سے ملاقات ہوئی اور کس نے ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیساکھیاں ہٹیں گی تو نمبر پورے ہوجائیں گے، شفاف الیکشن کے سوا ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ن لیگ کے 4 بڑے رہنما کسی سے ملنے گئے تو کہا کہ نواز شریف نے ملک کے ساتھ برا کیا، آپ ہمارے بارے میں کیوں نہیں سوچتے؟
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ن لیگی قیادت سابق وزیراعظم نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تُلی ہوئی ہے، پارٹی کے 4 بڑے رہنما سابق وزیراعظم کو ہٹا کر قیادت لینا چاہتے ہیں۔