کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے لوکل ٹیکسز اور لیویز پر ڈرا بیک کے حوالے سے پالیسی واضح نہ ہونے اور ڈرابیک کے لیے دیئے جانے والے ریفنڈ کو یکم جولائی 2022 سے بند کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے تحت تمام بینک یکم جولائی 2022 کے بعد کوئی دستاویزات نہیں لیں گے۔ڈی ایل ٹی ایل پالیسی کو کسی وجہ سے واپس لیا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں کاروبار خاص طور پر ملکی برآمدات تباہ ہو جائیں گی اور برآمدکنندگان مالی بحران کا شکار ہوجائیں گے۔صدر نکاٹی فیصل معیز خان نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤدکو ارسال کیے گئے ایک خط میں اپیل کی کہ ملکی برآمدات اور کاروبارکوتباہی سے بچانے کے لیے ڈی ایل ٹی ایل پالیسی کو جاری رکھا جائے بصورت دیگر غیر ملکی خریداروں سے برآمدکنندگان کے سودے متاثر ہوں گے جس سے برآمدی آرڈرز کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔