• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس نے پریانتھا کو قینچی، اینٹ ماری، لاش جلائی، ہجوم کو بلایا؟ پولیس نے پتہ لگا لیا


گوجرانوالہ پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کے 7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے، حملے میں استعمال کی گئی دونوں قینچیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم تیمور نے پریانتھا کمارا کو اینٹ ماری، ملزم علی اصغر نےلاش کو آگ لگائی، ملزم شہر یار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر ہجوم کو اندر بلایا۔

گوجرانوالہ پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم عبدالصبور بٹ نے فیکٹری ورکرز کو سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے لیے اکسایا تھا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کر لیا ہے، ان تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں گوجرانوالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق پریانتھا کیس کے ان 7 ملزمان کو اسپیشل سیل میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ (دسمبر میں) سیالکوٹ میں سیکڑوں مشتعل افراد نے سری لنکن شہری پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر ڈنڈے برسائے، اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، اس کی لاش کی بے حرمتی کی، گھسیٹا اور آگ لگا دی تھی۔

قومی خبریں سے مزید