• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن منیجر کیخلاف اکسانے والا گرفتار، مزید 40 ملزمان کی شناخت


پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکن منیجر کے خلاف لوگوں کو اکسانے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں ملوث مزید 40 ملزمان کی شناخت ہو گئی، ملزمان کو مختلف ویڈیوز کی مدد سے شناخت کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان میں زیادہ تعداد ایسے افراد کی ہے جو فیکٹری ورکرز نہیں ہیں۔

نئے شناخت کیئے گئے افراد میں فیکٹری کے قریبی دیہات کے افراد بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈی پی او سیالکوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ فیکٹری میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے خلاف صبور بٹ نے ورکرز کو اشتعال دلایا، ہجوم کو اکٹھا کیا۔

ڈی پی او کے مطابق واقعے سے پہلے منیجر پریانتھا کمارا نے فیکٹری کے اسٹچنگ ہال کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تصویر میں صبور بٹ اور پریانتھا کمارا کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ کے مطابق ملزم صبور بٹ اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہے، اس سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے یہ بھی بتایا کہ دیگر مرکزی ملزمان کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو بہیمانہ تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور اس کی لاش جلا دی تھی۔

تازہ ترین