• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجرم اہلکار فرزند کی واردات کے بعد کیا مصروفیات رہیں ؟

کراچی میں کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران شہری شاہ رخ کو قتل کرنے والے مجرم پولیس اہلکار فرزند کی واردات کے بعد کیا مصروفیات رہیں، اس متعلق مزید حقائق سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق واردات کے فوری بعد اہلکار فرزند اپنے دوست عمران کے لیے اسلحہ خریدنے صدر گیا۔

اسلحے کی دکان کی سی سی ٹی وی تفتیشی ٹیم نےحاصل کرلی ہے، تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں اہلکار فرزند اپنے دوست عمران کے ساتھ ہے۔

تفتیشی ذرائع کا بتانا ہے کہ اہلکار فرزند نے واردات کے بعد اپنا حلیہ تبدیل کر لیا تھا، واردات سے پہلے اور بعد میں عمران، اہلکار فرزند کے ساتھ تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں فیروز آباد کے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ) میں کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے گرفتاری سے قبل خودکشی کرلی تھی۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا تھا۔

ایسٹ قمر رضا جسکانی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر خود کو گولی مارلی، متوفی شعبہ انویسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تعینات تھا۔

قومی خبریں سے مزید