وزیراعظم عمران خان نے تاریخ رقم کرنے والی عدالتِ عظمیٰ کی پہلی خاتون جج کو مبارکباد پیش کی ہے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج بننے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں جسٹس عائشہ ملک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ آج جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج جسٹس عائشہ ملک سے عہدے کا حلف لیا۔
جسٹس عائشہ ملک 27 مارچ 2012 کو بطور جج لاہور ہائیکورٹ تعینات ہوئیں، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عائشہ ملک نے تقریباً 10 سال فرائض سر انجام دیے۔
جوڈیشل کمیشن نے 6 جنوری 2022 کو جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کی سفارش کی تھی، جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے بعد پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے ان کی تعیناتی کی حتمی منظوری دی تھی۔
سپریم کورٹ میں مقررہ 17 ججز میں سے جسٹس مشیر عالم کی 17 اگست کو ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہونے والی نشست پر جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی ہوئی ہے۔