مرتب: عالیہ کاشف عظیمی
سنڈے میگزین کے پلیٹ فارم سے ہم نےسالِ نو کی مناسبت سے پیغامات لکھ بھیجنے کا سندیسہ دیا، جواباً آپ کےمتعدّد پیغامات موصول ہوئے۔ چوں کہ ان تمام تر پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہ تھی، لہٰذا ہم نے انہیں مرحلہ وار شایع کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلی اشاعت آپ ملاحظہ کرچُکے، بقیہ پیغامات آج آپ کی نذر ہیں۔
(جنگ’’ سنڈے میگزین‘‘ کی ایڈیٹر، نرجس ملک کے نام)
نرجس جی ! کچھ رشتے خونی نہیں ہوتے، مگر دِل کے اتنے قریب ہوتے ہیں کہ ہر دھڑکن ان کے لیے دُعا بن کر دھڑکتی ہے۔ آپ لاکھوں قارئین کی خوشیوں، اُمیدوں کا محور و مرکز ہیں۔ آپ کی تحریریں اور میگزین ہمیں زندگی کی تپتی شاہ راہ میں آسودگی کے وہ لمحات فراہم کررہا ہے کہ ہم اس کا قرض چُکا ہی نہیں سکتے۔ اپنا خیال رکھیں کہ آپ ہمارا ادبی سرمایہ و اثاثہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سالِ نو میں آپ اور آپ کی فیملی کو ان گنت خوشیاں نصیب کرے، ہر بُری نظر سے محفوظ رہیں اور 2022ء میں بھی آپ کا نام، اپنے ستاروں کی کہکشاں(یعنی قارئین) کے جلو میں جگمگاتا رہے۔ آمین، ثم آمین۔ (نازلی فیصل، ڈیفینس، لاہور کی دُعا)
(اپنی پیاری فیملی کے لیے)
امّی جان، کاشف بھائی، وجیہہ اور تنزیل! آپ سب کودِل کی اتھاہ گہرائیوں سے سالِ نو مبارک ہو۔ (طاہرہ کی طرف سے)
(پیاری سہیلی، آمنہ کے نام)
میری دِلی دعا ہے کہ یہ سال تمہارے لیے خوشیاں بَھرا ہو اور نئی زندگی کا سفر خوش گوار و کام یاب ہو۔ (فہیم مقصود، والٹن روڈ، لاہور کا دُعائیہ پیغام)
(دوستوں، رشتے داروں کےلیے)
کسی کو دیکھوں تو ماتھے پہ ماہ و سال ملیں
کہیں بکھرتی ہوئی دھول میں سوال ملیں
ذرا سی دیر دسمبر کی دھوپ میں بیٹھیں
یہ فرصتیں ہمیں شاید نہ اگلے سال ملیں (لیاقت مظہر باقری،گلشنِ اقبال، کراچی کی طرف سے)
(سالِ نو کےنام)
یا اللہ! سالِ نو میں میری نااُمید زندگی میں اُمید کی شمیں روشن کردے۔ (ایاز اعجاز، بروری روڈ، کوئٹہ کی اُمید)
(اہلِ خانہ اور سہیلی کے لیے)
امّی رضیہ،پاپا اکبر، بہن بھائیو اور پیاری سہیلی اقراء! آپ سب کو دِل کی گہرائیوں سے نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سال بھی ہمیں بہت خوشیاں اور کام یابیاں عطافرمائے۔ میری دولت میرے ماں باپ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کا شفیق، مہربان سایا سلامت رکھے، انہیں صحت و تن درستی کے ساتھ عُمرِ خضر عطا کرے اور مجھے ان کی خدمت کی توفیق دے۔ (صبا مہرین، مدینہ کالونی، نیو کراچی، کراچی کی مبارک باد)
(جگری دوست کی نذر )
نئے سال کی ہر خوشی، زندگی کو نیا موڑ دے
شہرِ ظلمات میں جو ہیں بکھرے ہوئے، اُن کو بھی جوڑ دے (راحت اللہ بنگش، پشاور سے)
(اہلِ خانہ کے لیے)
ہر اِک بات ہوگی نئے سال میں
ملاقات ہوگی نئے سال میں (اطہر علی، کراچی سے)
( اکلوتی بہنا کے نام)
محبّت سے لبریز اِک جام دے
نیا سال خوشیوں کا پیغام دے (شگفتہ ناز، جیکب آباد سے)
(دُنیا بَھر کے لوگوں کے لیے)
سالِ نو میں ہر طرف خوش حالیاں آئیں نظر
امن کی دولت سے مالا مال ہو ہر ایک گھر (ذکیہ خاتون،کراچی)
(اپنے پیاروں کے نام)
دُعا ہے کہ سال 2022ء ہماری فیملی کے لیے خوشیوں،مسرتوں اور کام یابیوں کا پیام بَر ثابت ہو۔سب کو ہیپی نیو ایئر۔ (ایمان کامران، عبدالرحمٰن اور سنبلہ کامران،مرشد ٹائون ،کھنّہ کاک، راول پنڈی سے)
(متاعِ جاں، امّی کے لیے)
یا اللہ! تُو اپنا کرم کردے اورمیری پیاری امّی جان کے ٹوٹے بکھرے وجود کو مکمل کرکے ان کے لبوں پہ گُل کھلادے۔ (حمیدہ گل، کوئٹہ کی دُعا)
(ہم وطنوں کے نام)
تمام ہم وطن ساتھیو ! میری جانب سے نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ 2022ء ہم سب کو راس آئے۔ (فرید اقبال انجم، پاک پتن سے)
(مَن موہنے پوتے، رانا محمّد المیراور شریکِ سفر کے لیے)
دادا کی جان، دادو کے نور العین! تمہاری نت نئی شرارتوں، شوخیوں اور معصومانہ حرکتوں پر ہم واری صدقے۔ تینوں ربّ دیاں رکھاں اور 37سال سے میری شریکِ زندگی، ہر غم، دُکھ، سُکھ اور پریشانیوں میں میری دَم ساز، تمہارے ہی دَم سے یہ زندگی گلزار ہے۔ اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، طارق آباد، فیصل آباد کا پیغام)
( محبِّ وطن پاکستانیوں کے نام)
خدا کرے یہ نیا سال ہم سب کے آنگن میں خوشیوں اور نئی اُمنگوںکے گُل کِھلا دے۔ (سیّد شاہ عالم زمرد اکبر آبادی، راول پنڈی سے)
(اپنے پیاروں کے لیے)
یا اللہ! عالمِ اسلام اور پاکستانیوں محبّت کرنے والوں کو نیا سال مبارک ہو، خاص طور پر اُن تمام محبِّ وطن پاکستانی محصورین کو، جو ہماری کم ظرفی اور بے حسی کی وجہ سے گزشتہ 50برسوں سے بنگلادیش کے کیمپس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب پر اپنا رحم فرمائے۔ (محمّد لئیق شہرت حسن، عزیز آباد، کراچی سے)
(سہیلیوں کی نذر)
ہے اندازِ نیم سحر نرالا آج
ہنس ہنس کے غنچوں کو گدگدایا آج
آنگن میں دَر آئی نویلی کرن
پہنے اُجلا سُنہری پیرہن
بعد ثنا، گیت چڑیوں نے گایا
ہو مبارک سال نیا آیا
نظر سے حوادث کی بچانا خدا
ہر دِن خوشی کا دکھانا خدا
ہر نیا سال کہتے کہتے یہ آئے
چمن سدا مُسکرائے، گُل کِھلائے (سمیرا اسلم گھرکی، لاہور سے)
(’’آپ کا صفحہ‘‘ کے دیوانوں کے نام)
اپنی مُٹھی میں چُھپا کر کسی جگنو کی طرح
ہم تِرے نام کو چپکے سے پڑھا کرتے ہیں (پرنس افضل شاہین، ڈھاباں بازار،بہاول نگر سے)
(اُمّتِ مسلّمہ کے لیے)
اے اللہ ! اُمّت مسلّمہ کی اصلاح فرما اور 2022ء کوفتوحات اور کام یابیوں کا سال بنادے،تاکہ مسلم اُمّہ پھر سے فاتحِ عالم بن جائے۔ (ڈاکٹر محمّد حمزہ خان ڈاھا، لاہور کا دُعائیہ پیغام)
(پیارے وطن، پاکستان کے نام)
اللہ ربّ العزّت سے دُعا ہے کہ ہمارا مُلک اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے اور پوری قوم کو خوش حالی، ترقّی اور امن نصیب ہو۔ (ملک محمّد رضوان، محلّہ نشیمنِ اقبال، واپڈا ٹائون، لاہور سے)
(اہلِ خانہ، رشتے داروں اور دوستوں کے نام)
2021ء کئی دُکھوں کے ساتھ الوداع ہواکہ کورونا نامی موذی وبا اور منہگائی کے طوفان نے ہم وطنوں کو کئی دُکھ دئیے۔ایک جگہ پڑھا تھا،’’ماضی کو ضرور یاد رکھو، مگر ماضی پرست نہ بنو، صاحبِ حال رہو۔‘‘تو اب ہم نے ماضی کی کوئی غلطی نہیں دہرانی۔ مثبت سوچ کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور صاحبِ حال رہنا ہے۔دُعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے دُکھوں کا مرہم اور وطنِ عزیز کے لیے خوش حالی کا سبب بنے۔ (محمّد عارف مغل، کوٹ غلام محمّد سے)
(سابق میٹرو پولیٹن کمشنر، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے لیے)
ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے جنون و عشق کا حسین امتزاج، کڈنی ہل پارک ہزارہا سَرسبز درختوں کے ساتھ کراچی کا آکسیجن ٹینک ہے۔ خدا کرے کہ شہرِ قائد کی روشنیوں میں مزید اضافہ ہو۔ پُرعزم اور جواں ہمّت، سیّد سیف الرحمٰن کو نیا سال اس دُعا کے ساتھ مبارک ہو کہ تم جہاں قدم رکھو، وہاں سے خوشیاں ہی خوشیاں پھوٹیں۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو، میرپورخاص کا پیغام)
(والد( مرحوم) کے نام)
اے کاش! 2022ء میں پاپا جانی کے قاتل اپنےمنطقی انجام تک پہنچ جائیں۔ (دختر ڈاکٹر ممتاز حسین، کوئٹہ کی جانب سے)
( سابق صدرِ مملکت ،آ صف علی زرداری کے لیے )
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اورسابق صدر ،آ صف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری! دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو اپنی امان میں رکھے اور صحت و تن درستی کے ساتھ عُمرِ خضر عطا فرمائے(آمین)۔ (اسلم قریشی، گلزارِ ہجری، کراچی کی دُعا)
(مجازی خدا، ظفر احمد صدیقی کے نام)
میرے ہم سفر، ہم نوا،ظفراحمد! اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تن درستی اور درازیِ عُمر عطا فرمائے۔ آپ کا سایا ہمارے سَروں پر سلامت رہے۔ سال2022ء ہماری زندگی میں ڈھیروں خوشیاں لائے اور ہمیں ایک ساتھ حج و عُمرے کی سعادت عطا فرمائے (آمین)۔ (شاہین ظفر، نارتھ کراچی، کراچی سے)
(اپنے پیاروں کےلیے )
اِک نئے سال کی آہٹ ہے
میری دہلیز پہ
اِک نئی اُمید جاگی ہے
میرے دِل میں
دُور کہیں راہوں میں
اِک نیا خواب پھر بُنا ہے
میری اِن آنکھوں نے (پرویز احمد، حیدرآباد سے)
(اہلِ وطن کےلیے)
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ سال2022ء ہم سب کے لیے خوشیوں، مسرتوں کا پیام بَرہو۔ (عابدہ ارشد علی بٹ، غازی روڈ، لاہور کی جانب سے)
(پاکستان تحریکِ انصاف کے نام)
یہ سوچ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا کہ یہ جماعت عوام سے ہم دردی کرے گی، لیکن تاحال لیڈر اور ان کی ٹیم کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آتی۔ناصر کاظمی کا ایک شعر برسرِاقتدار حکومت کی نذر ہے۔
یہ خاص و عام کی بے کار گفتگو کب تک
قبول کیجیے جو فیصلہ عوام کریں (سعیدہ افضل ہاشمی، ایف سی ایریا، کراچی کا شکوہ)
(ہم وطنوں کے لیے)
گزشتہ برس تلخ یادوں کے ساتھ بیت گیا کہ پوری قوم کو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں نے شدید متاثر کیا۔ معاشی بدحالی، بے روزگاری اور خود کُشی کی شرح میں اضافہ ہوا، تو ڈینگی کی وبا نے بھی قہر ڈھایا۔ کئی نام وَر شخصیات ہم سے جدا ہوئیں، تو رواں برس کے آغاز میں سانحۂ مری نے سب ہی کو سوگ وار کردیا۔یا اللہ! ہماری پریشانیوں ، تکالیف اور مسائل کو دُور فرما۔بے شک تو رحیم و کریم ہے۔اُمّتِ مسلمہ اور ہمارے مُلک کے لیے 2022ء کو خوشیوں اور خوش حالی کا پیام بَر بنادے۔ (ڈاکٹر ثریا بانو کھتری، کراچی کی جانب سے)