وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف، ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور دیگر کو چالان میں ملزم قرار دے دیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منی لانڈرنگ کیس کا چالان جمع کرایا گیا ہے۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز ایف آئی اے کے چالان میں مرکزی ملزم نامزد قرار دیئے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے چالان میں گواہوں کی فہرست بھی جمع کرائی ہے جس میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
سلمان شہباز سمیت 3 ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری ہو چکے ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کرایا گیا چالان 66 صفحات اور 7 والیمز پر مشتمل ہے جس کے ساتھ لگائی گئی دستاویزات 43 سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہیں۔