• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان کے سفیر کا TDAP کا دورہ، سیکرٹری سے ملاقات

کراچی ( جنگ نیوز)جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کا دورہ کیا اور سیکرٹری TDAP، مسٹر احسن علی منگی سے دو طرفہ دلچسپی کے امورخاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی۔ خضر فرہادوف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں اپنی دلچسپی اعادہ کیااور شرکاء کو پاکستان آذربائیجان مشترکہ کمیشن کے ساتویں اجلاس کے انعقاد میں اپنے کردار کے بارے میں آگاہ کیاجس کے تحت دونوں حکومتوں کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔سیکرٹری TDAP احسن علی منگی نے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر کو TDAP میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں خضر فرہادوف کی کوششوں کو سراہا۔ سیکرٹری ٹی ڈی اے پی نے کہاکہ آذربائیجان پاکستان کا ایک تاریخی تجارتی شراکت دار رہا ہے جبکہدوطرفہ تجارت میں غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے شرکاء کو ایران کے ساتھ ٹی آئی آر کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا جس سےزمینی راستے سے پاکستانی سامان کے لیے آذربائیجان تک رسائی حاصل کیجا سکتی ہے۔ سیکریٹری TDAP نےخضر فرہادوف کو کراچی میں قیام کے دوران روابطہ قائم کرنے میں مدد کی پیشکش کی تاکہ وہ کراچی کی معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ساتھ موثر رابطے میں رہ سکیں۔ سیکرٹری TDAP نے خضر فرہادوف کو لاہور میں ہونے والی انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو میں آذربائیجان سے کاروباری لوگوں کو لانے کی دعوت بھی دی۔