متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ صرف ایک مظاہرے سے حکومت سندھ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، پولیس تشدد پر بلاول بھٹو کی خاموشی معنی خیز ہے۔
کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران سینیٹر فیصل سبزواری نے سندھ حکومت کو للکار تے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کمیٹی کے چئیرمین بلاول کی اس معاملے پر خاموشی بتارہی ہے کہ جو کچھ ہوا سندھ حکومت کی مرضی سے ہوا۔
26 جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے مظاہرین پر پولیس لاٹھی چارج اور شیلنگ کے خلاف ایم کیوایم پاکستان کی خواتین ورکرز نے احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرہ تین تلوار پر کیا گیا جس میں متحدہ کی زخمی اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر متحدہ شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرہ کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے غنڈے بھیجے۔
ایم کیو ایم کی سینئر رہنما نسرین جلیل نے مظاہرے کے آخر میں قرارداد پیش کی۔
مظاہرے میں شیما کرمانی اور نزہت شیریں سمیت حقوق نسواں کارکنان نے بھی شرکت کی۔