• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمٰن کا گورنر KP سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے صدارتی نظام کے بارے میں بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ‏گورنر کے پی شاہ فرمان کا صدارتی نظام نافذ کرنے سے متعلق بیان قابل مذمت ہے، وفاقی حکومت گورنر خیبرپختونخوا کے بیان کی وضاحت دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر خیبرپختون خوا کا صدارتی نظام کے حق میں بیان غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے، گورنر آئینی اور پارلیمانی عہدہ ہے، تحریک انصاف کی جماعت کا نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب ثابت کرنے میں مصروف ہے کہ ان کو نظام اچھا نہیں ملا، کل کو کہیں گے ہم کوحکومت کرنے کے لیے ملک بھی اچھا نہیں ملا۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی، ناکامی کا ملبہ پارلیمانی نظام پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی، پیپلز پارٹی گورنر خیبر پختونخوا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی ہے۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے صدارتی نظام کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی مسائل کا حل صدارتی نظام میں ہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید