پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست سے استعفے کے اعلان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ردِ عمل آگیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ استعفیٰ کی بات کرنا بھی کھیل ہے جو کھیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایجنڈے کی بروقت اطلاع نہیں ملی، لیکن ان کے آفس سے اطلاعات ملی ہیں کہ دو روز پہلے انہیں معلومات آگئی تھی کہ اہم بل آرہا ہے۔
واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتے لہٰذا اپنی پارٹی کو استعفیٰ دے دیا، میں قائد حزب اختلاف نہیں رہوں گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آدھی رات کو سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کرنا مناسب نہیں تھا، ایجنڈے میں یہ بھی نہیں لکھا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا بل پیش کیا جائے گا، اتنے اہم ایجنڈا کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا۔
سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ملکی لیول کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو۔