اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تاریخی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ایکسپریس وے پر 1.9 کلومیٹر کی توسیع کے کام کا کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او کو ایوارڈ کر دیا گیا ہے۔ سری نگر ہائی وے کے کام کا پی سی ون جلد بن جائیگا۔ بدھ کو اسلام آباد کی مختلف سڑکوں کی تعمیر پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ 3سال کے دوران اسلام آباد کو اسکی اصل شکل میں بحال کر دیا ہے اور مزید بہتری کیلئے کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ ایونیو پر کام کا آغاز بھی جلد ہو رہا ہے جس کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ اجلاس میں سی ڈی اے، ایف ڈبلیو او، آئیسکو، ایس این جی پی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔