پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے بارہویں میچ کے آخری اوور میں لاہور قلندرز کے زمان خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی اور محمد اعظم کے ہوتے ہوئے شاندار اوور کر کے اپنی ٹیم کو 8 رنز سے فتح دلوادی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بناسکی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ تھا جہاں 16 کے مجموعے پر ایلکس ہیلز 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ ان کے بعد ان فارم پال اسٹرلنگ بھی 37 کے اسکور پر 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں کپتان شاداب خان اور کولن منرو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے 100 رنز کی شراکت بنا کر میچ کو لاہور قلندرز کی دسترس پہنچ سے دور کردیا۔
لیکن پھر 137 پر شاداب 52 رنز بنا کر اور 140 پر کولن منرو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو جیسے قلندرز دوبارہ جی اٹھے۔
یونائیٹڈ کو جس وقت 21 گیندوں پر 35 رنز کا آسان ہدف پورا کرنا تھا تو اس وقت ٹیم کے جارح مزاج بلے باز محمد آصف اور اعظم خان کریز پر موجود تھے۔
قلندرز کے بولرز نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں رنز بنانے سے روکے رکھا، اور پھر جب آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے تو اس وقت زمان خان نے آصف علی کی وکٹ لے کر میچ کو اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔
لاہور قلندرز کے زمان خان کو شاندار بولنگ اسپیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔
قلندرز کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق 44 اور فخر زمان 38 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ویسا 20 اور ہیری بروک 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان اور وقاص مقصود نے4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مبشر خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
ٹاس
خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتاب شاداب خان نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا تھا کہ پہلے بولنگ کا مقصد ٹرینڈ تبدیل کرنا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ اس پچ پر 170 رنز کا اسکور اچھا ہوگا، میچز اچھے ہورہے ہیں، اگر ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فل سالٹ اور ہیری بروک کو ذیشان اشرف اور ڈین فوکس کرافٹ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، عبداللّٰہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان حصہ تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم
اسلام آباد یونائیٹڈمیں کپتان شاداب خان، ایلکس ہلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، آصف علی، اعظم خان، مبشر خان، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور وقاص مقصود ٹیم میں شامل تھے۔