وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین افغانستان میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔
وفاقی وزراء کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر کے ساتھ تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اس بار مکمل تیاری کرکے گئے تھے، ہم نے انہیں بتایا چین کو سرمایہ کاری کرنے سے فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں سی پیک منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، چین کی نمایاں کمپنیز کے ساتھ وزیراعظم کی نشستیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیں بتایا کہ وہ پاکستان میں کہاں انوسٹمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں، مختلف تھنک ٹینکس کو دعوت دی گئی تھی۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا وژن شیئر کیا اور بہت اچھی نشست رہی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف سے متعلق کوئی ابہام نہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ونٹر اولمپکس کا ایونٹ قابل دید تھا، پاکستان کے اتھلیٹس کے گروپ کی اسٹیڈیم میں داخلے پر تالیاں بجیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت بھی ہے اور عزت بھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر آڑے وقت میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بیجنگ میں افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کا اجلاس ہوگا، مارچ کے آخری ہفتے میں وہ چین کا دورہ کریں گے۔