وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ اسلام آباد پہنچنے سے قبل ہی عمران خان گھر چلے جائیں گے۔
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
مظاہرے میں صوبائی وزیر سعید غنی، پی پی رہنما سید وقار مہدی سمیت مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی میں پسے عوام بلاول بھٹو کے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور معاشی منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ عوام پریشانی کا شکار ہیں اور اُس کے ساتھ دن بدن بڑھتی بیروزگاری نے ملک کے نوجوانوں کو پریشان کیے رکھا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا واحد نظریہ عوامی مسائل کا حل ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی پہلی ترجیح عوام کو درپیش مسائل ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے آج عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، گیس، پٹرول، بجلی کی قیمتوں پر پیپلز پارٹی ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزار قائد سے لانگ مارچ نکالیں گے، مہنگائی سے پسے ہوئے، عوام بھی اس لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جیسے ہی لانگ مارچ کے لیے پہلا قدم اٹھائیں گے عمران خان کی پہلی سیڑھی گرے گی، مجھے یقین ہے اسلام آباد پہنچنے سے قبل ہی عمران خان گھر چلے جائیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکا اس وقت تک ہوں گے، جب تک بلاول بھٹو زرداری کہیں گے۔
وقار مہدی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت ہی کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج مملکت پاکستان میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع میسر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعد گذشتہ 3 سال میں اس ملک میں ہر چیز خواہ وہ سبزی ہو دالیں ہوں آٹا ہو ، بجلی ہو ، کھاد ہو ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔