• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ شیخ رشید سے سعودی ہم منصب کی ملاقات، روابط مضبوط کرنے پر زور

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، مشیر احتساب و داخلہ مصدق عباسی اور سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی شریک تھے۔

شیخ رشید اور سعودی ہم منصب کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔

اس دوران شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان سعودی عرب کےساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاک سعودی تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں، سعودی عرب میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید