• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعیلم، اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس، آئندہ تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ(فائل فوٹو)۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ(فائل فوٹو)۔

وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں تعلیمی سال 27-2026 کے آغاز، داخلہ شیڈول، امتحانات اور تعطیلات کے باقاعدہ شیڈول کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس کی روداد کے مطابق تعلیمی سال 27-2026 کا آغاز یکم اپریل 2026 سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ نویں جماعت تک داخلے یکم مارچ سے 31 مارچ 2026 تک جاری رہیں گے۔ گیارہویں جماعت میں داخلے سینٹرل ایڈمیشن پالیسی کے تحت یکم جون سے جولائی 2026 کے آخری ہفتے تک مکمل کیے جائیں گے۔

فیصلوں کے مطابق پہلی سے تیسری جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان کے اگلی جماعت میں ترقی دی جائے گی، جب کہ چوتھی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات یکم سے 15 مارچ 2026 تک ہوں گے۔ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 30 مارچ سے 15 اپریل 2026 تک منعقد کیے جائیں گے، دسویں جماعت کا نتیجہ یکم جون اور نویں جماعت کا نتیجہ 15 جون 2026 کو جاری کیا جائے گا۔

اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے 30 اپریل 2026 تک ہوں گے۔ بارہویں جماعت کا نتیجہ 15 جون جبکہ گیارہویں جماعت کا نتیجہ یکم جولائی 2026 کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی 2026 اور موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے 31 دسمبر 2026 تک رکھنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سال 2026 کو ماحولیاتی آگاہی کا سال قرار دیتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں میں شجرکاری مہم چلانے اور ہر طالب علم و استاد کو کم از کم ایک درخت لگانے کی ترغیب دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

روداد کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل نو کا معاملہ سب کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے، جب کہ نویں اور دسویں جماعت کے نئے یکساں نصاب کا نفاذ تعلیمی سال 2027 سے شروع کیا جائے گا۔ مزید برآں STEAM پروگرام کے تحت ہر سال اگست میں اسکول کی سطح پر مقابلوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید