• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ کی ویڈیو منظرعام پر آ گئی


نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی۔

فائرنگ واقعے میں اسکول ٹیچر جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوا ہے، ویڈیو میں ملزمان کو آتے اور واردات کے بعد واپس جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارتھ کراچی میں پیلا اسکول کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق اسکول کے قریب ایک کار نمبر اے ٹی کے 173 پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار سلمان عرف کمانڈو جاں بحق ہوگیا جبکہ کار میں سوار خاتون بال بال بچ گئیں اور ایک بچہ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

ایس ایس پی معروف عثمان نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ 3 ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جن میں سے 1 ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق 36 سالہ مقتول سلمان گریڈ 16 میں پرائمری اسکول ٹیچر تھا، جو اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ جارہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔

ملزمان کی جانب سے کار پر کی فائرنگ کے نتیجے میں مقتول کے چہرے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں لگیں۔

مقتول سلمان کے بیٹے عبدالصبور کو 2 گولیاں لگیں، ایک گولی ٹانگ ایک بازو پر لگی، بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

فائرنگ سے مقتول کی اہلیہ محفوظ رہی، ملزمان نے سلمان کو باقاعدہ ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔ واردات میں 9 ایم ایم پستول استعمال کیا گیا، پولیس کو جائے وقوع سے 9 گولیوں کے 8 خول ملے۔

قومی خبریں سے مزید