نارتھ کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں کارکن کی ہلاکت پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرہ کا موقف سامنے آگیا۔
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما ارشد وہرہ کا کہنا ہے کہ قتل کیا جانے والا ان کا سر گرم کارکن تھا۔
ارشد وہرہ نے کہا کہ یہ واقعہ معمولی نہیں ہے، ڈی آئی جی نے معاملے کی خود تفتیش کرنے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارتھ کراچی میں پیلا اسکول کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق اسکول کے قریب ایک کار نمبر اے ٹی کے 173 پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار سلمان عرف کمانڈو جاں بحق ہوگیا جبکہ کار میں سوار خاتون بال بال بچ گئیں اور ایک بچہ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
ایس ایس پی معروف عثمان نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ 3 ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جن میں سے 1 ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے پستول کے 8 خول برآمد ہوئے ہیں، 36 سالہ مقتول سلمان گریڈ 16 میں پرائمری اسکول ٹیچر تھا۔
پولیس کے مطابق سلمان اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ جا رہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کا نشانہ بن گیا۔
پولیس کے مطابق سلمان اپنے بیٹے عبدالصبور کو اسکول سے لینے آیا تھا۔
ملزمان کی جانب سے کار پر کی فائرنگ کے نتیجے میں مقتول کے چہرے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں لگیں۔
مقتول سلمان کے بیٹے عبدالصبور کو 2 گولیاں لگیں، ایک گولی ٹانگ ایک بازو پر لگی، بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ سے مقتول کی اہلیہ محفوظ رہی، ملزمان نے سلمان کو باقاعدہ ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔
واردات میں 9 ایم ایم پستول استعمال کیا گیا، پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم کے 8 خول ملے۔