وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے معاون خصوصی حسان خاور نے شہباز شریف کی چوہدری برادران سے ملاقات پر تبصرہ کیا ہے۔
ایک بیان میں حسان خاور نے ق اور ن لیگی قیادت کی ملاقات پر تبصرہ کیا اور کہا کہ موجودہ اپوزیشن تاریخ کی نااہل اپوزیشن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سارا وقت روٹھنے اور منانے میں گزر گیا، اپوزیشن سازشی اور لوٹ مار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ کہیں سے بھی ڈیل اور ڈھیل نہیں ملنے والی، عمران خان کے اقتدار میں رہتے ہوئے اپوزیشن کو جیل کی ہوا لازمی کھانی پڑے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، چوہدری برادران منجھے ہوئے سیاستدان اور حکومت کے اہم اتحادی ہیں۔
حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ پہلے بھی ن لیگ نے سیاسی جماعتوں سے کیے وعدے کبھی وفا نہیں کیے، چوہدری شجاعت اپنی کتاب میں شریف برادران کی منافقت کا تذکرہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 2023 کے الیکشن کی تیاری کرے، تب تک اسی تنخواہ پر گزارا کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ساڑھے 3 سالوں میں سندھ کو بدحالی کی طرف دھکیل دیا، شریف برادران اپنی ذات کے علاوہ کسی سے مخلص نہیں۔