• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بیٹا تیاری کرلو میں آرہا ہوں، شاہ محمود


وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے تحریک عدم اعتماد لانے میں اپوزیشن جماعتیں گو مگو کی کیفیت کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی انتخاب نہیں چاہتی لیکن عدم اعتماد چاہتی ہے جبکہ نون لیگ انتخابات چاہتی ہے ، ان کاکہنا تھا کہ بلاول بیٹا تیاری کرلو میں لاڑکانہ آرہا ہوں۔

ملتان میں پارک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا استحقاق ہے ہم ان کا سیاسی مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ نون لیگ اپنے بیانیہ ووٹ کو عزت دو کی نفی کر چکی ہے ، گزشتہ روز نون لیگ ان کے دروازے پر ووٹ کی بھیک مانگ رہی تھی جنہیں کل آپ شفاف الیکشن نہ کروانے کا کہہ رہے تھے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں بہتر گورننس چاہتی ہے ، وزیراعظم نے 3 مرتبہ کابینہ کے اجلاس میں وزارت خارجہ کی کارکردگی کی تعریف کی ، 40 سال بعد او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ، 23 مارچ کو مسلم امہ کے وزراء خارجہ پریڈ میں شریک ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے افغانستان میں پھنسے دوسرے ممالک کے افراد کا پر امن انخلاء کروایا ، یورپی یونین وزیراعظم پاکستان کو دعوت دے چکی ہے ۔

شاہ محمود نے کہا کہ کاشت کاروں کو اس دور میں اجناس کی جو قیمتیں ملیں اس کا موازانہ نون لیگ کی حکومت سے کریں اگر بجلی مہنگی ہو رہی ہے تو بجلی کے معاہدے نون لیگ کے دور میں ہوئے جن کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں ۔

ان کاکہنا تھا کہ بلاول اور ہماری ملاقات لانگ مارچ کے دوران کہیں ہو گی ، چیئرمین پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بیٹا تیاری کر لو میں لاڑکانہ آ رہا ہوں، تمہارے سوالوں کا جواب دوں گا۔

وزیر خارج نے تلمبہ واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہاکہ ایک ذہنی مریض نے جو حرکت کی وہ قابل قبول نہیں لیکن ایک مریض کو پولیس کے حوالے کیا جاتا ۔

قومی خبریں سے مزید