پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس اتحادی کی نظر اپنے سیاسی مستقبل پر ہے وہ اس حکومت سے دور ہونے پر مجبور ہوجائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو دو آپشن ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی کو اکثریت نہ ملنے کی صورت میں صدر پابند ہوگا کہ وہ اسمبلیوں کو توڑ کر نئے انتخابات کا اعلان کرے، دوسری صورت میں اگر کسی وزیراعظم پر اتفاق ہوا تو وہ عبوری وزیراعظم ہوگا جو ایک دو مہینے میں انتخابی اصلاحات کے بعد نئے الیکشن کا اعلان کرے گا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی ملاقاتوں سے ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں، چودھری برادران سے ملاقات کرنے سے (ن) لیگ کے بیانیے کو دھچکا لگا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ٹاپ ٹین میں آنے نہ آنے کی اہمیت نہیں، عمران خان کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے اور میرا یہی اطمینان ہے۔