• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر رضا کیس: پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کی جوڈیشل کمیشن کو ہراسانی اور منفی مہم کی شکایت

میر رضا کیس کی تفتیش کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کی ہراسانی اور منفی مہم کی شکایت کے مندرجات سامنے آگئے۔

ڈاکٹر سمیعہ نے شکایت میں کہا ہے کہ ڈاکٹر اسامہ نے نجی گفتگو کے ایڈٹ شدہ حصے لیک کر کے میری ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی، ڈاکٹر اسامہ کمیشن میں 3 بار پیش ہوئے لیکن گفتگو کا مکمل ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

پولیس سرجن کے مطابق گفتگو کے کچھ حصے مخصوص میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فراہم کیے گئے، نجی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے سے اصل معاملے سے توجہ ہٹنے کا خدشہ ہے۔

ڈاکٹر سمیعہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اسامہ عبوری پوسٹ مارٹم رپورٹ کو درست قرار دے کر حتمی رپورٹ کو تسلیم نہیں کر رہے، جبکہ ڈاکٹر اسامہ کے بیانات سے ان کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھتے ہیں۔

پولیس سرجن کے مطابق سنگل پوسٹ مارٹم کے بعد کثیر رکنی بورڈ کی جانب سے کیے گئے پوسٹ مارٹم کے بعد سابقہ رپورٹ کی حیثیت ثانوی ہو جاتی ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ گولی لگنے اور نکلنے کے زخموں سے متعلق ڈاکٹر اسامہ کے ابتدائی نتائج سائنسی شواہد کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہیں۔

ڈاکٹر سمیعہ نے کہا ہے کہ کمیشن اجازت دے تو وہ ڈاکٹر اسامہ سے ہونے والی گفتگو کا مکمل ریکارڈ کمیشن کے روبرو پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، مکمل ریکارڈ کے جائزے سے غلط فہمی یا تشریح کا امکان ختم کیا جا سکے گا۔

قومی خبریں سے مزید