• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مایہ ناز بھارتی گلوکار و میوزک کمپوزر بپی لہری نے انکشاف کیا تھا کہ سونا اُن کے لیے خوش قسمتی کی نشانی ہے اور اسی وجہ سے وہ ہر وقت سونے کی چین پہن کر رکھتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بپی لہری نے اپنے سونے کے زیورات کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میری ماں نے مجھے پہلی سونے کی چین دی تھی جس کے بعد مجھے میرا پہلا بلاک بسٹر پراجیکٹ 'رخمی؛ ملا تھا۔

بپی لہری نے کہا کہ جب میری ماں نے مجھے سونے کی چین دی تھی تو اُنہوں نے مجھے بتایا تھا کہ یہ میرے لیے خوش قسمتی ہوگی، مجھے ہمیشہ اپنے خاندان سے سونا ملا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میری ماں کے بعد، یہ میری بیوی نے 1977 میں میری سالگرہ کے موقع پر مجھے ایک اور سونے کی چین تحفے میں دی تھی، میرے پاس سونے کی سات چین ہیں اور مجھے ہر چین کے بعد کوئی نہ کوئی کامیابی ضرور ملی ہے۔

گلوکار نے کہا تھا کہ میں جہاں بھی سفر کرتا ہوں، سونے کے کچھ زیورات ہمیشہ میرے ساتھ سفر کرتے ہیں، میرے سونے کے زیورات اتنے بھاری ہیں کہ میں یہ سب اپنے ساتھ بیرون ملک نہیں لے جا سکتا۔ میں نے کبھی اپنے سونے کے زیورات کا وزن نہیں کیا۔

واضح رہے کہ مایہ ناز بھارتی گلوکار و کمپوزر بپی لہری ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ایک ماہ تک اسپتال میں رہنے والے بپی لہری کو پیر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، منگل کو ان کی طبیعت بگڑنے پر اہلِ خانہ نے ڈاکٹر کی موجودگی میں انہیں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور چل بسے۔

بپی لہری کو بالی ووڈ کا راک اسٹار کہاجاتا تھا، بپی لہری سینے میں انفیکشن کے باعث ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں داخل تھے۔

کریٹی کیئر اسپتال میں بپی لہری کے معالج ڈاکٹر دیپک نے بپی لہری کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ جب بپی لہری کو اسپتال لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر کم تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق اسپتال لانے پر بپی لہری کی طبعیت بحال کرنےکی کوشش کی گئی لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید