• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی سفیر کی ملاقات کو مثبت دیکھتا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کی ملاقات کو مثبت دیکھتا ہوں۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا، ہم نے امریکی سفیر کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا امریکا سے کوئی اختلاف نہیں۔ وہ پالیسی بیان تھا جو ہم نے دیا تھا، وہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قانونی معاملات پر بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا معاملہ ہماری پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج شیر افضل مروت کو روکا گیا ان کی ملاقات نہیں ہوسکی۔ انتظار پنجوتھہ کا نام پہلے نکالا گیا لیکن اب شیر افضل مروت کا نام نکالا گیا۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے قانونی اور سیاسی معاملات پر بات ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے آرڈر کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو رہنمائی دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امید ہے ہماری 78 چھینی گئی سیٹیں واپس کی جائیں گی۔ بانی پی ٹی آئی نے نگراں سابق وزیراعظم انوارالحق کا تذکرہ کیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی نے بھی انتخابات میں دھاندلی کا تذکرہ کیا تھا، عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں الیکشن سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استدعا ہے ہماری جوڈیشل کمیشن کی درخواست کو بھی سنا جائے۔

ہم 9 مئی کو پُرامن احتجاج کریں گے، ٹکٹ ہولڈرز لیڈ کریں گے، خیبر پختونخوا اسمبلی میں قانون پاس کیا جائے گا۔ آج بھی ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید