سپریم کورٹ پاکستان نے ملک بھر میں پولیس کی پروموشن سے متعلق یکساں پالیسی کے قیام کا حکم دے دیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا پورے ملک میں پولیس کی پروموشن کی ایک ہی پائیدار اور جامع پالیسی ہونی چاہیے۔
سپریم کورٹ میں پولیس کی آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا آئندہ سماعت پر تمام صوبوں اور وفاق کی اتفاق رائے سے پولیس کی پروموشن کی ایک پالیسی سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔
جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیے کہ یکساں پالیسی سے ملک کے مختلف حصوں میں پوسٹ ہونے والے پولیس افسران کو مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پورے ملک میں تعینات پولیس کو برابر حقوق اور مراعات ملنی چاہیئں، پالیسی بنانے کے لیے پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی وفاق اور صوبوں سے مشاورت کرے۔
عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت مارچ کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔