پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کو بلاول ہاؤس ملتان سے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خانیوال میں کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو سے کیمرے والا ڈرون ٹکرا گیا تھا، چہرے پر ڈرون لگنے سے آصفہ زخمی ہوگئی تھیں۔
کنٹینر کی طرف بڑھتا ڈرون پہلے کنٹینر سے لگے شیشے اور پھر آصفہ بھٹو سے ٹکرایا، ڈرون لگنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری اپنی بہن آصفہ کو کنٹینر کے اندر لے گئے۔
آصفہ بھٹو کو کنٹینر کے اندر طبی امداد دی گئی، آصفہ بھٹو زرداری کو بلاول ہاؤس ملتان سے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، اُن کا علاج جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو کو ٹانکے لگیں گے، آصفہ بھٹو کو آنکھ سے اوپر ماتھے پر زخم آیا ہے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو کے زخمی ہونے کے معاملے پر کہا کہ پتا نہیں جان بوجھ کر یا غلطی سے کسی چینل کا ڈرون آصفہ کو لگا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصفہ بی بی کے سر پر چوٹ لگی، ڈاکٹرز نے کہا ٹانکے لگیں گے، مگر آصفہ نے کہا پٹی لگادیں میں اوپر جاؤں گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی کی بیٹی تو بہت بہادر ہے، آصفہ آگے بھی ہمارے ساتھ ہوگی۔