وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا منشور اور منزل ایک نہیں، عدم اعتمادکامقابلہ کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مولانا فضل الرحمٰن کے لانگ مارچ کے اعلان پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چوں چوں کا مربہ ہے، اپوزیشن کا صرف عمران خان کو ہٹانے پراتفاق ہے، اس کے علاوہ کسی بات پر نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اپوزیشن کہتی ہے ان کے نمبرز پورے ہیں، اگر نمبرز پورے ہیں تو اسلام آباد میں دھرنوں کی کیا ضرورت ہے ؟
وزیر خارجہ نے بتایا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جووزیراعظم قوم سے شیئر کرنا چاہتے ہیں، جلسے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی اور قانونی طریقے سے کریں گے،ارکان کو دھمکی دینے یا رابطوں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تمام ارکان اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو بخوبی سمجھتے ہیں، تحریک عدم اعتماد پیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے،عدم اعتماد کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کی تحریک کا سیاسی وجمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے، اپوزیشن والے نمبرز پورے کرنے کے دعوے کر رہے ہیں۔
شاہ محمود کاکہنا تھا کہ اپوزیشن کا نظریہ ایک نہیں،کیا ن لیگ بلاول کو وزیراعظم بنانا چاہ رہی ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کا یہ غیر فطری الائنس ہے جو وقتی بلبلہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ او آئی سی کانفرنس اسلام آباد میں ہونے جارہی ہے، یہ اجلاس پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ او آئی سی اجلاس کے لیےدعوت نامے بھیجے جاچکے ہیں، اس میں مداخلت نہیں ہونے دیں گے۔