آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈز جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی ملاقات ہوئی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے دمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ وارانہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی، ملاقات میں امن وسلامتی کے لیے کوششوں، دوطرفہ تعاون بڑھانےکی خواہش کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ملاقات سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بحرین سے مضبوط سفارتی، اقتصادی، دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دوسری جانب ملاقات کے دوران جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ کی جانب سے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور کامیاب بارڈر مینجمنٹ کو بھی سراہا گیا۔