وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ ہمارے اتحادی عمران خان کے حق میں فیصلہ کریں گے، جو اپنا ضمیر بیچے گا قوم اس کا منہ کالا کرے، زندگی میں بِکنے اور بَکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں 12 افراد کو رکھے جانے کی بات کی جارہی ہے، 25 مارچ کے بعد مطلع صاف ہونا شروع ہوجائے گا اور پھر ان کا سیاسی گنڈاسا چلے گا۔
شیخ رشید نے واضح کیا کہ میں عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، نسلی اور اصلی لوگ امتحان کے وقت ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ساڑھے 3 سال سے وزارت انجوائے کر رہا ہوں، امتحان کے وقت نخرے دکھاؤں تو ایسی سیاست پر لعنت ہے، میں سیاست وقت پہ کرتا ہوں،سیاست میں وقت اہم ہوتا ہے۔
ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے جارہے ہیں
شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا وہ قومی حکومت بنائیں گے، حکومت کیا بیکار بیٹھی ہے، ووٹ کو عزت کی باتیں کرنے والے ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے جارہے ہیں، اپوزیشن کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان کی حمایت بڑھ رہی ہے۔
پولیس کی تنخواہوں اور پیکج میں اضافہ ہونا چاہیے
وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیشنل پولیس کانفرنس سےخطاب میں کہا کہ پاکستان میں پولیس مشکل حالات میں خدمات انجام دے رہی ہے، جب پولیس طاقتور کو قانون کے کٹہرے میں لاتی ہےاسے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ ڈیجیٹلائزیشن کی طرف گئے، پولیس کی تنخواہوں اور پیکج میں اضافہ ہونا چاہیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کل اسلام آباد میں ایک ڈرون تھا جسکا ہمیں پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ کس کا تھا۔
اپوزیشن کو شکست ہوگی
شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہی ہونا ہے، اپوزیشن کو شکست ہوگی، حالات کو تصادم کی طرف نہ لے جائیں ورنہ جھاڑو پھر جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں 25 تاریخ سے خبر دوں گا، ابھی تو ہلکی پھلکی موسیقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی آنے اور ووٹ ڈالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، ایم این اے کا حق ہے کہ وہ حق میں ووٹ دے یا مخالف ووٹ دے۔