• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچویں کورونا لہر میں واضح کمی، صرف 1 مریض فوت


پاکستان میں پانچویں لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 47 ویں نمبر پر آ چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 13 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ 1 اور کورونا مریض زندگی کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 375 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 286 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 329 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 21 ہزار 888 ہو چکی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 13 فیصد ریکارڈ کی گئی


ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 15 ہزار 800 زیرِ علاج مریضوں میں سے 506 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 14 لاکھ 75 ہزار 759 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 33 ہزار 225 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 71 لاکھ 45 ہزار 508 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔


سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 73 ہزار 579 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 8 ہزار 91 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 5 لاکھ 4 ہزار 393 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 548 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 629 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 6 ہزار 307 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 34 ہزار 951 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 1 ہزار 22 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 43 ہزار 214 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 792 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں اب تک 35 ہزار 458 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 378 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 11 ہزار 664 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 191 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید