عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی خاتمے سے دور ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کا خاتمہ ابھی بہت دور ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کچھ ممالک میں رواں ہفتے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، ہم ابھی کورونا کی وباء کے وسط میں موجود ہیں، کورونا وائرس کی وباء ختم ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔
دوسری جانب چین میں ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی مرتبہ گزشتہ روز کورونا وائرس سے مزید 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 2 ہزار 388 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 2 ہزار 157 مقامی منتقلی کے کیسز ہیں۔
1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین کورونا کیسز کے حوالے سے ممالک کی مرتب کی گئی فہرست میں 123 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار 462 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 638 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں آخری مرتبہ گزشتہ سال 25 جنوری 2021ء کو کورونا وائرس سے اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔