• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: شوہر سے دوستی پر ہیلتھ ورکر نے ساتھی کو قتل کروا دیا


پشاور کے نواحی علاقے داود زئی میں لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر کے قتل میں ملوث ملزمان بے نقاب ہو گئے، ہیلتھ ورکر کو ساتھی خاتون نے شوہر کے ساتھ مبینہ دوستی کے باعث قتل کروایا۔

ایس ایس پی آپریشن پشاور ہارون رشید نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ ہیلتھ ورکر کو ساتھی خاتون نے شوہر کے ساتھ مبینہ دوستی کی وجہ سے قتل کروایا ہے۔

پہلے مقتولہ کے سابق منگیتر پر الزام لگایا گیا

مقتولہ کی والدہ نے مقتولہ کے سابق منگیتر پر قتل کا الزام عائد کیا تھا، تاہم تفتیش کے دوران سابقہ منگیتر نامزد ملزم سیف اللّٰہ بے گناہ ثابت ہوا۔

ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ ملوث 3 ملزمان مسماۃ (ز)، جواد اور سمیع اللّٰہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزمان نے اصل حقائق بتائے جس کے مطابق خاتون ملزمہ کے شوہر سے مقتولہ کی دوستی تھی جس کا ملزمہ کو رنج تھا۔

قتل کیلئے 5 لاکھ دیئے گئے

ملزمہ نے خاتون ورکر کو قتل کرانے کا پروگرام بنایا اور 5 لاکھ روپے کے عوض اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کیں۔

ملزمہ نے مقتولہ کی سابقہ منگنی سے فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کی، جس کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکر کو قتل کرنے کا الزام سابق منگیتر پر لگنا فطری عمل تھا۔

ملزمان واردات کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کو جائے وقوع سے صرف پستول اور گولیوں کے خالی خول ملے تھے، اصل ملزمان کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے۔

قومی خبریں سے مزید