اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، خصوصی نمائندہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی و اقتصادی مسائل میں جکڑا ہے‘ مذہبی ہم آہنگی‘ وحدت اور اخوت سے تمام سازشوں کو شکست دینا ہو گی۔ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ اکنامک کوریڈور کے حوالے سے اہم پیغام ہے‘ اگلے چار ماہ انتہائی اہم ہونگے اور عید کے بعد نیا سیاسی میدان سجے گا۔ اُنہوں نے علامہ ناصر عباس سے ظلم و کرپشن کیخلاف ساتھ دینے کی بھی اپیل کی۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان صرف دہشت گردوں اور اُنکے معاونین کیخلاف استعمال ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ خرم ذکی جراتمند محب وطن تھا‘ ہم اُسکی قانونی جنگ لڑینگے اور اُسکے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔دریں اثنا پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن اور سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے بھی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی۔ جس میں قومی سلامتی کے امور اور ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا ہڑتالی کیمپ ملک کے ہر اس باشعور فرد کی ترجمانی کرتا ہے جو ملک میں جبر و ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔